فیصل آباد: 2 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد کی ہدایت پر فیصل آباد پولیس نے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبرگ کے علاقے میں ملزم حسنات نے "زینب" نامی خاتون کے دفتر میں بلا اجازت داخل ہو کر انہیں بدسلوکی کا نشانہ بنایا، ہراساں کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ گلبرگ عبدالغفار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم حسنات کو موقع سے گرفتار کر لیا۔
تھانہ گلبرگ پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر ملزم کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس موقع پر سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کے حقوق اور ان کی عزتِ نفس کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد، ہراسانی یا خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف فیصل آباد پولیس کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ایسے ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔