میونسپل کارپوریشن کے ریگولیشن ونگ کو نیا یونیفارم، مشینری اور پیٹرولنگ بائیکس فراہم
فیصل آباد: 6 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی جانب سے شہریوں کو میونسپل سروسز کی بہتری اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے لیے ریگولیشن ونگ کو نیا یونیفارم، جدید مشینری اور پیٹرولنگ بائیکس فراہم کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے ریگولیشن ونگ کے نئے یونیفارم، مشینری اور پیٹرولنگ بائیکس کا معائنہ کیا اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ اور تجاوزات (انکروچمنٹ) کا مکمل خاتمہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور تجاوزات کے خلاف ایکشن میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی کی قیادت میں ریگولیشن ونگ کے نئے فیلڈ سکواڈ کا شہر میں فلیگ مارچ منعقد کیا گیا۔ چیف آفیسر نے عملے کو ہمہ وقت فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایات دیں۔ فلیگ مارچ میونسپل کارپوریشن آفس سے شروع ہو کر مال روڈ، چناب کلب چوک، بلال روڈ، جیل روڈ، زرعی یونیورسٹی چوک، ڈی سی آفس روڈ اور کمشنر ہاؤس روڈ سے ہوتا ہوا واپس میونسپل کارپوریشن آفس پر اختتام پذیر ہوا۔