سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر نمازِ جمعہ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، 1800 سے زائد اہلکار تعینات
فیصل آباد: 6 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین کی خصوصی ہدایات پر فیصل آباد پولیس نے نمازِ جمعہ کے موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ضلع کی 530 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور اہم عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے لیے 1,800 سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کو ڈیوٹی پر مامور کیا گیا۔ اہم مذہبی مقامات اور حساس علاقوں کے اطراف اضافی نفری تعینات کر کے مشکوک افراد کی نقل و حرکت کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ ایلیٹ فورس کے دلاور مسلسل پیٹرولنگ پر مامور ہیں۔
سیکیورٹی اقدامات کے تحت شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم ناکہ بندی پوائنٹس پر بائیو میٹرک ویری فکیشن کے ذریعے چیکنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔