فیصل آباد: 29 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد میں گھریلو ملازمین کی جانب سے چوری کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران مالکان کی غیر موجودگی میں گھر سے زیورات اور دیگر قیمتی سامان چوری کرنے والے دو گھریلو ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان عبد المالک اور شاہد شہری خالد محمود کے گھر میں بطور ملازم کام کرتے تھے۔ ملزمان نے مالکِ مکان کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر کا صفایا کیا اور سونے کے زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو گئے۔ واقعے پر ایس ایچ او تھانہ ملت ٹاؤن علی اکبر نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان عبدالمالک اور شاہد کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مالِ مسروقہ کی برآمدگی کے لیے تفتیشی عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے کہا کہ فیصل آباد پولیس شہریوں کے جان و مال اور جائیداد کے تحفظ کے لیے ہر وقت کوشاں ہے اور ملازمت یا اعتماد کا ناجائز فائدہ اٹھا کر جرائم کا ارتکاب کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔