فیصل آباد: 4 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھٹہ مالک کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے مقدمے میں ایک سال سے فرار اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تھانہ سٹی جڑانوالہ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم فیصل نے ایک سال قبل اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے اشرف نامی بھٹہ مالک کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کو مقتول پر مخالفین کا ساتھ دینے اور سابقہ مقدمے کی پیروی کرنے کا شبہ تھا۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ مظفر علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم فیصل کو گرفتار کر لیا۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے کارروائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سخت اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔