فیصل آباد: 30 اکتوبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد پولیس نے شہریوں پر تشدد اور غنڈہ گردی کرنے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت یکشن لیتے ہوئے کلہاڑی کے وار سے باپ بیٹے کو شدید زخمی کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلی میں لڑکوں کے ساتھ بلاوجہ کھڑے ہونے اور ہلڑ بازی سے منع کرنے کی رنجش پر ملزم ابوبکر نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ محمد افضل اور ان کے بیٹے مجاہد کو گھیر لیا اور ان پر کلہاڑی سے تشدد کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سٹی سمندری اقبال فرید نے پولیس نفری کے ساتھ فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم ابوبکر کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے واضح کیا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے، بلاوجہ تنازع کھڑا کرنے اور شہریوں پر تشدد یا ظلم کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور تمام ملوث ملزمان کو سخت سزا دلوائی جائے گی۔