پولیس کی مبینہ فائرنگ سے 3 محنت کش زخمی؛ ڈی پی او کا نوٹس، اے ایس آئی اور کانسٹیبل معطل و گرفتار
ٹوبہ ٹیک سنگھ: 5 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ رجانہ کی حدود میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے راہگیر محنت کشوں پر فائرنگ کے واقعے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث اے ایس آئی اور کانسٹیبل کو معطل کر کے گرفتار کروا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محنت مزدوری کر کے گھر واپس لوٹنے والے تین نوجوان—محمد احمد، عبداللہ اور عبیداللہ—پولیس فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئے۔ متاثرہ نوجوانوں کے مطابق انہوں نے اپنے شریف شہری اور محنت کش ہونے کی مکمل شناخت بھی کروائی، تاہم اس کے باوجود ان پر گولیاں چلا دی گئیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد احمد کا بازو بری طرح متاثر ہوا ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعے اور متاثرین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ہدایت پر فائرنگ میں ملوث اے ایس آئی بابر اور کانسٹیبل محسن کے خلاف تھانہ رجانہ میں مقدمہ نمبر 1191/26 درج کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں کو نوکری سے معطل کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت محکمانہ و قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔