جھمرہ روڈ پر تجاوزات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 12 افراد کے خلاف مقدمات درج، ملزمان گرفتار
فیصل آباد: 5 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے جھمرہ روڈ پر تجاوزات قائم کر کے ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے 12 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کروا دیے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فیصل آباد ناصر جاوید رانا کی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک سرکل مدینہ ٹاؤن کی زیرِ نگرانی انچارج ٹریفک عبداللہ پور نے جھمرہ روڈ پر آپریشن کیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک پر ریڑھیاں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے 12 افراد کے خلاف تھانہ منصورآباد میں مقدمات درج کروا کر ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مذکورہ افراد کو بار بار تنبیہ کی گئی اور سڑک کلیئر کروائی گئی، تاہم ان کی جانب سے بار بار تجاوزات قائم کی جا رہی تھیں۔ سی ٹی او ناصر جاوید رانا نے واضح کیا ہے کہ شاہراہوں پر تجاوزات قائم کر کے ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔