Post Main Ad Panel
Read in English چک جھمرہ اور نشاط آباد میں دو مبینہ پولیس مقابلے، بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے 3 کارندے ہلاک، 6 ساتھی فرار

چک جھمرہ اور نشاط آباد میں دو مبینہ پولیس مقابلے، بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے 3 کارندے ہلاک، 6 ساتھی فرار

17 ویوز

فیصل آباد: 16 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) فیصل آباد کے علاقوں چک جھمرہ اور نشاط آباد میں ہونے والے دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے 3 خطرناک کارندے ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے 6 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان نے گزشتہ چھ روز کے دوران مختلف تھانوں کی حدود میں 28 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کر کے خوف و ہراس پھیلا رکھا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پہلے واقعے میں ایس ایچ او تھانہ چک جھمرہ انسپکٹر رضوان شوکت نے دربار 12 چک کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں پائے گئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جن کی شناخت محمد عمران اور شوکت کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ان کے 4 ساتھی دو موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔

دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد سب انسپکٹر رانا ساجد محمود کی ٹیم کے ساتھ ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران درجنوں سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ ڈاکو شہباز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں ڈاکو ایک منظم بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے سرگرم رکن تھے جنہوں نے محض چھ دنوں کے اندر تھانہ نشاط آباد، تھانہ ٹھیکری والا اور تھانہ ساندل بار کے علاقوں میں 28 گھروں کو لوٹا تھا اور ڈولفن اسکواڈ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد روپوش تھے۔ پولیس نے ہلاک ملزمان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

Post Bottom Ad Panel