فیصل آباد: 4 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی فیصل آباد سے جدہ جانے والی پرواز PK-763 پر سفر کرنے والے عمرہ زائرین کا سامان فیصل آباد ایئرپورٹ پر ہی چھوٹ گیا، جس کے باعث جدہ پہنچنے والے مسافر شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز PK-763 فیصل آباد کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عمرہ زائرین کو لے کر جدہ کے لیے روانہ ہوئی۔ تاہم جدہ ایئرپورٹ پہنچنے پر زائرین کو معلوم ہوا کہ ان کا سامان فیصل آباد ایئرپورٹ پر ہی رہ گیا ہے۔
سعودی عرب پہنچنے والے زائرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ احرام کے علاوہ ان کا ضروری سامان، ادویات اور ذاتی اشیاء بیگیج میں تھیں، جس کے نہ ملنے سے انہیں جدہ میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں نے پی آئی اے کی اعلٰی انتظامیہ سے فوری سامان جدہ پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔