پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساس تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ، مصنوعی مٹھاس کا استعمال پر پروڈکشن بند، جرمانہ عائد
فیصل آباد: 5 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد ڈویژن کی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ساس تیار کرنے والے ایک پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مار کر اسے اصلاح تک بند کر دیا اور 25 ہزار روپے کا سنگین جرمانہ عائد کر دیا۔
یہ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشنز) پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد ڈویژن امتیاز حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) کی زیرِ نگرانی انجام دی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع پر ریفریکٹومیٹر کے ذریعے ساس کا برکس (Brix) لیول چیک کیا، جو مقررہ سائنسی معیار کے مطابق نہ پایا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں سابقہ ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے اور ساس کی تیاری میں مضرِ صحت مصنوعی مٹھاس استعمال کرنے کی بنا پر پروڈکشن یونٹ کو اصلاح تک بند کیا گیا۔ مزید برآں، موقع پر موجود 25 لیٹر غیر معیاری ساس اور 7 کلو گرام مصنوعی مٹھاس کو تلف کر دیا گیا۔