ڈولفن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ: 198 اشتہاری، 876 منشیات فروش گرفتار اور لاکھوں گاڑیوں کی جانچ پڑتال
فیصل آباد: 5 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین کی زیرِ قیادت فیصل آباد ڈولفن فورس نے رواں سال جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے متعدد کامیاب کارروائیاں انجام دی ہیں۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈولفن فورس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 198 اشتہاری مجرمان، 427 ریکارڈ یافتہ اور 123 عدالتی مفروران کو حراست میں لیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کے دوران 876 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چرس، ہیروئن، آئس اور شراب کی بڑی مقدار برآمد کی گئی۔ مزید برآں، غیر قانونی اسلحہ کے خلاف 133 کامیاب کارروائیوں میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں تحویل میں لی گئیں، جبکہ چوری و ڈکیتی میں ملوث 131 ملزمان کو گرفتار کر کے مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔
اسنیپ چیکنگ اور ای پولیس ایپ کے ذریعے 22 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد، 20 لاکھ 19 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں اور 5 لاکھ 4 ہزار سے زائد گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ون ویلنگ، پتنگ بازی اور آتش بازی پر 188 قانون شکن عناصر کو حراست میں لیا گیا جبکہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت 2,519 شہریوں کو فوری معاونت فراہم کی گئی۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے ڈولفن فورس کی جدید تکنیکی اور فیلڈ کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔