Post Main Ad Panel
Read in English پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ، واریئرز نے چیمپئنز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ، واریئرز نے چیمپئنز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

17 ویوز

فیصل آباد: 29 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد میں جاری پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں واریئرز نے ایمان فاطمہ کی شاندار اور دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت چیمپئنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں شوال ذوالفقار کے 44 اور سائرہ جبین کے ناقابلِ شکست 33 رنز کی بدولت 164 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ چیمپئنز کی جانب سے شوال نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں جبکہ سائرہ نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے عمدہ کارکردگی دکھائی، جبکہ نجیہہ علوی نے بھی جارحانہ انداز اپناکر صرف 19 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے۔

جواب میں 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں واریئرز کی ٹیم جب مشکلات کا شکار تھی اور اسے جیت کے لیے 72 گیندوں پر 117 رنز کی ضرورت تھی، تو پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والی ایمان فاطمہ نے میچ کا پاسا پلٹ دیا۔ ایمان فاطمہ نے محض 39 گیندوں پر 8 آٹھ چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی ناقابلِ شکست طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کی اس یادگار اور جارحانہ اننگز کے باعث واریئرز نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں شاندار فتح اپنے نام کی۔

Post Bottom Ad Panel