فیصل آباد: 28 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز فیصل آباد میں ہو گیا ہے، جہاں کھیلے گئے پہلے میچ میں چیمپئنز نے انکریڈیبلز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انکریڈیبلز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ انکریڈیبلز کی جانب سے عائشہ ظفر 40 اور عمیمہ سہیل 29 رنز بنا کر نماياں رہیں۔ چیمپئنز کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر تسمیہ رباب نے 29 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں (گل فیروزہ، ایمان نصیر اور عائشہ ظفر) حاصل کیں، جبکہ لیفٹ آرم رسٹ سپنر تانیہ سعید نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چیمپئنز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر شوال ذوالفقار نے 29 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 43 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جبکہ نتالیہ پرویز نے 37 گیندوں پر 46 رنز کی ناٹ آؤٹ ذمہ دارانہ اننگز تراشی جس میں 1 چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔ نجیہہ علوی نے بھی 11 گیندوں پر 17 رنز کا مفید اضافہ کیا۔ انکریڈیبلز کی جانب سے لیفٹ آرم سپنر انوشہ ناصر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین باؤلنگ کارکردگی پر تسمیہ رباب کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔