آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ کے خلاف این سی سی آئی اے فیصل آباد کی بڑی کارروائی: مرکزی ملزم گرفتار
فیصل آباد: 2 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) فیصل آباد نے آن لائن بلیک میلنگ اور سائبر ہراسانی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعے ہراساں، بلیک میل اور دھمکیاں دینے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے سائنسی طریقہ کار اور ڈیجیٹل ٹریکنگ بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب کارروائی انجام دی۔ آپریشن کے دوران ملزم کے قبضے سے وہ موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے جس کے ذریعے متاثرہ خاتون کو ہراساں کیا جا رہا تھا۔ موبائل فون کے فارنزک تجزیے کے دوران دھمکی آمیز گفتگو کی واٹس ایپ چیٹس اور متاثرہ خاتون کی ناذیبا و قابلِ اعتراض ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں۔
این سی سی آئی اے نے گرفتار ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ 2016ء (ترمیم شدہ 2025ء) کی دفعات 20، 21 اور 24 کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ برآمد شدہ ڈیجیٹل شواہد اور ڈیٹا کا مزید تفصیلی جائزہ لینے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر این سی سی آئی اے حکام نے واضح کیا کہ ایجنسی آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور شہریوں کو بلیک میل کرنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کے خلاف سخت ترین اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی بالخصوص خواتین کی آن لائن پرائیویسی اور عزتِ نفس پر حملے کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق کڑی سزا دلائی جائے گی۔