ملزم وقاص منور نے 15 ہیلپ لائن پر چوری اور ڈکیتی کی بوگس کال کی تھی
موقع پر تفتیش کے دوران واردات کا ڈرامہ بے نقاب، مقدمہ درج
15 پر جھوٹی کالز سے پولیس کے وسائل کا ضیاع ہوتا ہے، بوگس کالرز سے سختی سے نمٹا جائے گا
فیصل آباد: 27 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین کی ہدایت پر فیصل آباد پولیس نے جوئے میں رقم ہارنے کے بعد ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم وقاص منور نے ریسکیو 15 ہیلپ لائن پر کال کی کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ منصور آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کی تو واردات ثابت نہ ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم 40 سے 50 ہزار روپے جوئے میں ہار چکا تھا اور گھر والوں سے حقیقت چھپانے کے لیے اس نے ڈکیتی کی جھوٹی کہانی گھڑی۔ منصور آباد پولیس نے ملزم محمد وقاص منور کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اس موقع پر سی پی او تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی اور بوگس کالز کرنے سے پولیس کا قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہوتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی غلط معلومات کے باعث حقیقی ایمرجنسی میں مدد کے منتظر شہریوں کی امداد میں تاخیر ہو سکتی ہے، لہذا بوگس کالز کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی اقدامات جاری رہیں گے۔