مرکزی علماء کونسل کا سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی: حرمین الشریفین کے تحفظ کے لیے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ
فیصل آباد: 16 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): مرکزی علماء کونسل پاکستان اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین الشریفین کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات کے دوران سعودی عرب کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مدینہ منورہ اور ریاض سمیت دیگر مقامات پر حوثی حملوں، عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے اور حرمین الشریفین کے امن سے متعلق واقعات کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں۔
جامع مسجد گول فیصل آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ حرمین الشریفین پوری امتِ مسلمہ کے روحانی مراکز ہیں اور ان کا تقدس ہر مسلمان کے لیے انتہائی محترم ہے۔ مقدس مقامات، سعودی عرب کی سرزمین اور زائرین کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی بزدلانہ کارروائی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
مولانا زاہد محمود قاسمی نے واضح کیا کہ اس مشکل گھڑی میں برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا پاکستان کے علماء اور عوام کی دینی و ملی ذمہ داری ہے۔
مرکزی علماء کونسل کی جانب سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام ڈویژنوں و اضلاع میں منظور کی جانے والی قراردادوں میں حکومتِ پاکستان، اقوامِ متحدہ اور تنظیمِ تعاونِ اسلامی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
قراردادوں کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ حملوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، زائرین کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مابین دفاعی معاہدے پر فوری اور کامل عمل درآمد کیا جائے۔