بچے کی میت لے جانے والے موٹر سائیکل سوار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے، والد سمیت 3 افراد جاں بحق
خوشاب: 20 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) نواحی علاقے مٹھہ ٹوانہ میں روڈہ کے قریب چوک گروٹ روڈ پر ایک انتہائی دلخراش اور خوفناک ٹریفک حادثے میں 3 سالہ کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق نکڑو شہید (کھارا فیملی) کے رہائشی افراد جوہر آباد ہسپتال سے اپنے 3 سالہ فضل عباس کے بیٹے کی میت لے کر موٹر سائیکل پر اپنے گاؤں 'نکڑو شہید' واپس جا رہے تھے۔ روڈہ کے قریب ٹرک کو کراس کرتے ہوئے تیز رفتار موٹر سائیکل سامنے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
حادثہ اس قدر شدید اور خوفناک تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار بچے کے والد فضل عباس، ان کے قریبی رشتہ دار و پاک فوج کے جوان عمر حسن، رحمت اللہ اور 3 سالہ بچہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 خوشاب کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جوہر آباد منتقل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔ پولیس نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔