فیصل آباد: 21 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیراہتمام فیصل آباد سٹی میں "سٹیم کمپیٹیشن 2026" کے تحصیل سطح کے مقابلے انعقاد پذیر ہوئے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) راؤ عبدالکریم نے تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ویمن) ڈاکٹر عذرا نسرین سید بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ویمن) مریم شاہین نے مہمانانِ گرامی کو تحصیل سطح پر شریک طالبات کی جانب سے تیار کیے گئے سائنسی و تعلیمی ماڈلز کا تفصیلی دورہ کرایا۔
جیوری و سٹیم ججز کی جانب سے نتائج کے حتمی اعلان کے بعد شاندار کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم نے کہا کہ "سٹیم کمپیٹیشن 2026" طلباء کو تخلیقی منصوبوں، عملی تجربات اور جدید سائنسی حل کے ذریعے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے شعبوں کو دریافت کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ تجسس سے لے کر تخلیق تک طلباء اپنے نظریاتی علم کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومتِ پنجاب کا ایک نہایت قابلِ تحسین اور انقلابی اقدام ہے۔