فیصل آباد: 10 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) فیصل آباد نے ایک خاتون کو مبینہ طور پر بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے سائبر ہراسمنٹس کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے وہ موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے جو جرم کے ارتکاب میں استعمال ہو رہا تھا۔
ایجنسی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 (Prevention of Electronic Crimes Act) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ قائم کر کے مزید قانونی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ آن لائن ہراسمنٹ اور شہریوں کی پرائیویسی کو متاثر کرنے والے عناصر کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔