فیصل آباد: 29 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد پولیس نے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ حائل ہونے اور سرکاری ملازم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے ملزم کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واسا کے فیلڈ افسر عمران مشتاق اپنے سرکاری فرائض کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ ملزم عمران ایوب نے واسا کا بل جمع کروانے سے صاف انکار کر دیا۔ تلخ کلامی کے دوران ملزم نے غط میں آ کر فیلڈ افسر کو مبینہ طور پر چھری دکھائی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ جھنگ بازار بشارت علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم عمران ایوب کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین کو فرائض کی انجام دہی کے دوران ہراساں کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا اور ایسے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔