Post Main Ad Panel
Read in English اسپیشل برانچ کا اہلکار ملازمت سے برطرف، اینٹی کرپشن نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا

اسپیشل برانچ کا اہلکار ملازمت سے برطرف، اینٹی کرپشن نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا

28 ویوز

فیصل آباد: 17 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): اسپیشل برانچ فیصل آباد ریجن کے سابق ای ڈی سی آپریٹر محمد عثمان کو شہری کو واپڈا میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے اور جعلی اسناد فراہم کرنے کے الزام میں نوکری سے برطرف کر دیا گیا ہے، جبکہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، درخواست گزار محمد عدنان نے شکایت درج کرائی تھی کہ اسپیشل برانچ کے اہلکار محمد عثمان نے ان سے اور ان کے بھائی ارسلان سے واپڈا میں 'سینئر اسٹور کیپر' کی ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقم وصول کی اور جعلی تقرری و تجربہ سرٹیفکیٹ فراہم کیے۔ واپڈا حکام نے تحریری تصدیق کے ذریعے مذکورہ تمام اسناد کو جعلی اور بوجس قرار دیا۔

محکمانہ انکوائری کے دوران ملزم عثمان اپنے دفاع میں کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکا، جبکہ انکوائری میں رقم وصول کرنے کا جرم بھی ثابت ہو گیا۔ جس پر اسپیشل برانچ حکام نے سخت محکمانہ ایکشن لیتے ہوئے شوکاز نوٹس اور ذاتی سماعت کے بعد ملزم کو ملازمت سے برطرف کر دیا اور تمام تر ریکارڈ و انکوائری رپورٹ مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے سپر دہ کر دی۔

اسپیشل برانچ کی سفارش پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد نے فوری یکشن لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد سرفراز وڑائچ نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے برطرف اہلکار محمد عثمان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف کرپشن اور دھوکہ دہی کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 

Post Bottom Ad Panel