ایس ڈی ای او پیرا سٹی ندیم ناصر کی سربراہی میں باوا چک مین مارکیٹ میں گرینڈ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن
فیصل آباد: 14 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (ایس ڈی ای او) پیرا سٹی فیصل آباد ندیم ناصر نے اپنی انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ باوا چک مین مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور اینٹی انکروچمنٹ کارروائی عمل میں لائی، جس کے دوران متعدد دکانداروں کو جرمانے عائد کیے گئے جبکہ کئی دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک کی روانی میں خلل اور پیدل چلنے والے شہریوں کی مشکلات کے پیشِ نظر پیرا انفورسمنٹ ٹیم نے باوا چک مین مارکیٹ میں آپریشن کرتے ہوئے سرکاری اراضی اور فٹ پاتھوں پر قائم عارضی و مستقل تجاوزات کا خاتمہ کیا۔ کارروائی کے دوران تجاوزات قائم کرنے والی متعدد دکانوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ وارننگ کے باوجود خلاف ورزی کرنے والی بعض دکانوں کو سربمہر (سیل) کر دیا گیا۔
اس موقع پر ایس ڈی ای او پیرا سٹی ندیم ناصر نے مارکیٹ کے دکانداروں کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے واضح ہدایات دیں کہ آئندہ تجاوزات قائم کرنے کی صورت میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے باقاعدہ ایف آئی آر بھی درج کروائی جائے گی۔