Post Main Ad Panel
Read in English دکاندار پر تشدد کا واقعہ: واسا فیصل آباد کے معطل سینئر کلرک میاں مقصود احمد کا ڈرائیور تیمور ملازمت سے برطرف

دکاندار پر تشدد کا واقعہ: واسا فیصل آباد کے معطل سینئر کلرک میاں مقصود احمد کا ڈرائیور تیمور ملازمت سے برطرف

13 ویوز

فیصل آباد: 13 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) ستیانہ روڈ پر دکاندار پر تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واسا فیصل آباد انتظامیہ نے پہلے سے معطل سینئر کلرک میاں مقصود احمد کے ڈرائیور محمد تیمور ریاض کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے، جبکہ دونوں ملازمین کے خلاف پنجاب پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت باقاعدہ محکمانہ کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 11 نومبر 2026ء کو ستیانہ روڈ پر ایک دکاندار پر مبینہ جسمانی تشدد کے واقعے میں ملوث ہونے پر واسا فیصل آباد نے ادارے میں مستقل ورک مین کی حیثیت سے تعینات ڈرائیور تیمور کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا۔ واضح رہے کہ اس واقعے سے منسلک پرائس کنٹرول مجسٹریٹ میاں مقصود احمد، جو واسا میں بطور سینئر کلرک تعینات تھے، پہلے ہی معطل ہیں اور اس وقت کسی بھی عہدے پر فرائض سرانجام نہیں دے رہے۔

واسا اتھارٹی نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو (ویسٹ) فرحان علی کو انکوائری آفیسر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن عمر فاروق کو محکمانہ نمائندہ مقرر کیا ہے۔ انکوائری آفیسر دونوں ملازمین کے انفرادی کردار، متعلقہ ریکارڈ اور گواہوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پیش کریں گے، جبکہ دونوں ملازمین کو حکم موصول ہونے کے 7 روز کے اندر تحریری دفاع جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واسا انتظامیہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel