Post Main Ad Panel
Read in English آر پی او انعام الرحمن ملک کا سخت ایکشن: شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھنے پر سب انسپکٹر نوکری سے ڈسمس

آر پی او انعام الرحمن ملک کا سخت ایکشن: شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھنے پر سب انسپکٹر نوکری سے ڈسمس

19 ویوز

فیصل آباد: 19 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے ریجنل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس کے دوران مختلف پولیس افسران و اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کے بعد اختیارات کے ناجائز استعمال پر سب انسپکٹر کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آر پی او انعام الرحمن ملک کے سرپرائز وزٹ کے دوران تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک رکشہ ڈرائیور کو 7 یوم سے غیر قانونی حراست میں رکھنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ آر پی او نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس آئی حاکم علی کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دیا تھا۔

ایس پی رینک کے سینئر افسر کی زیرِ نگرانی انکوائری کے دوران ایس آئی حاکم علی قصور وار ثابت ہوا اور کوئی خاطر خواہ جواب پیش نہ کر سکا۔ پولیس ریکارڈ کی پڑتال پر معلوم ہوا کہ مذکورہ افسر سابقہ ملازمت کے دوران بھی متعدد بار معطل اور ڈسمس رہ چکا ہے۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں آر پی او نے ایس آئی حاکم علی کو نوکری سے برخاست (ڈسمس) کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

اس موقع پر آر پی او انعام الرحمن ملک نے واضح کیا کہ قانون شکنی اور وردی کی آڑ میں اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز محکمانہ احتساب جاری رہے گا۔ انہوں نے تمام پولیس افسران کو شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور تھانوں میں ان کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی۔

 

Post Bottom Ad Panel