Post Main Ad Panel
Read in English خوراک میں جعل سازی کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن: معروف برانڈز کے جعلی مصالحہ جات سپلائی کرنے والی کوشش ناکام

خوراک میں جعل سازی کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن: معروف برانڈز کے جعلی مصالحہ جات سپلائی کرنے والی کوشش ناکام

80 ویوز

فیصل آباد: 2 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — "خوراک میں جعل سازی ہرگز قبول نہیں" کے شعار اور وزیراعلیٰ پنجاب کے انسانی صحت کے تحفظ کے وژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی (PFA) فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کے نام سے جعلی مصالحہ جات تیار کر کے سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشنز) پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد ڈویژن امتیاز حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) فیصل آباد کی راست زیرِ نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ویجیلنس سیل کے ساتھ مل کر 4 سے 5 گھنٹے کی مسلسل اور حکمتِ عملی پر مبنی ریکی (surveillance) کے بعد ایک مشکوک لوڈر رکشہ کو روک کر چھاپہ مارا۔ تفتیش پر لوڈر رکشہ سے ملک کے معروف برانڈز کے نام سے تیار کردہ مبینہ جعلی مصالحہ جات کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔

واقعے کے فوراً بعد فوڈ سیفٹی ٹیم نے پولیس ہیلپ لائن اور متعلقہ مصالحہ جات بنانے والی کمپنیوں کے نمائندگان کو جائے وقوعہ پر طلب کیا۔ معائنے کے بعد متعلقہ کمپنیوں کے آتھورائزڈ نمائندگان نے برآمد شدہ مصالحہ جات کی پیکنگ اور پروڈکٹس سے مکمل لاتعلقی کے رسمی سرٹیفکیٹس جاری کیے، جس سے ثابت ہوا کہ یہ پروڈکٹس جعلی تھیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے 33 کلو گرام جعلی مصالحہ جات بحقِ سرکار ضبط کر لیے اور جعل سازی میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تھانے میں مقدمہ (FIR) درج کروایا اور ملزمان کو باقاعدہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام نے واضح کیا ہے کہ ملاوٹ مافیا اور جعلی خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشنز جاری رہیں گے۔

Post Bottom Ad Panel