Post Main Ad Panel
Read in English نشہ آور چائے اور مٹھائی کھلا کر ڈرائیور کو بے ہوش کرنے والا خطرناک نوسرباز گرفتار

نشہ آور چائے اور مٹھائی کھلا کر ڈرائیور کو بے ہوش کرنے والا خطرناک نوسرباز گرفتار

38 ویوز

فیصل آباد: 31 اکتوبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد کے تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود میں شہری کو نشہ آور چائے اور مٹھائی کھلا کر بے ہوش کرنے اور اس کا شہزور ڈالہ، نقدی و دیگر سامان لوٹ کر فرار ہونے والے نوسرباز گروہ کے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یاسین نامی شہری اپنے شہزور ڈالہ پر سامان کی ترسیل (ٹرانسپورٹ) کا کام کرتا ہے۔ ملزم سلطان احمد نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈرائیور یاسین کو کھرڑیانوالہ سے سمن آباد سامان منتقل کرنے کا جھانسہ دے کر ڈالہ کرائے پر حاصل کیا۔ سفر کے دوران ملزمان نے دلیری اور نوسربازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری کو چائے اور مٹھائی میں کوئی زہریلی یا نشہ آور چیز ملا کر کھلا دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔ شہری کے بے ہوش ہوتے ہی ملزمان اس کا شہزور ڈالہ، جیب سے نقدی اور گاڑی کے تمام کاغذات لوٹ کر رفو چکر ہو گئے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سلطان احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واردات میں ملوث اس کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری اور لوٹا گیا شہزور ڈالہ و دیگر مالِ مسروقہ برآمد کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور عوام کے ساتھ نوسربازی، دھوکہ دہی اور لوٹ مار کرنے والے مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel