پی سی بی کا ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا اعلان، تمام 7 میچز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے
فیصل آباد: 26 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمنز کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 28 اکتوبر سے 5 نومبر 2026 تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے تمام 7 میچز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں منعقد ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں کل 39 خاتون کرکٹرز حصہ لے رہی ہیں جنہیں تین مختلف ٹیموں: چیمپئنز، انکریڈیبلز اور واریئرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم 13 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔
ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑی طوبٰی حسن چیمپئنز، گل فیروزہ انکریڈیبلز جبکہ منیبہ علی واریئرز کی قیادت کریں گی۔
پی سی بی کے مطابق ایونٹ کا فاتح اسکواڈ 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا حقدار ہوگا جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز 'ٹیپ میڈ' اور 'تماشہ' پر براہِ راست اسٹریم کیے جائیں گے، جبکہ فائنل میچ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہِ راست نشر ہوگا۔