Post Main Ad Panel
Read in English بڑا کریک ڈاؤن: فیصل آباد ریجن میں 18 ڈکیت گینگ کے 55 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی برآمدگی

بڑا کریک ڈاؤن: فیصل آباد ریجن میں 18 ڈکیت گینگ کے 55 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی برآمدگی

9 ویوز

فیصل آباد: 5 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "محفوظ پنجاب" ویژن اور آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایات کی روشنی میں آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک کی زیرِ قیادت ریجنل پولیس نے اکتوبر کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز گرینڈ کریک ڈاؤن کیا ہے۔

پولیس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ریجن میں 18 خطرناک گینگز کے 55 ملزمان کو گرفتار کر کے 133 مقدمات یکسو کیے گئے اور ملزمان کے قبضہ سے 2 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد نقدی، موٹر سائیکلز، زیورات، موبائل فونز اور مویشی برآمد کیے گئے۔ انسدادِ منشیات کی مہم کے تحت 566 مقدمات درج کر کے 571 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن سے 906 کلوگرام چرس، 842 کلوگرام آئس، 4869 لیٹر شراب اور 97 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی میں 217 پسٹل، 20 بندوقیں، 7 کلاشنکوف اور 657 گولیاں جبکہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت 9,127 پتنگیں برآمد کر کے 74 مقدمات درج کیے گئے۔ علاوہ ازیں قتل و اقدامِ قتل سمیت مختلف کیٹگریز کے 730 مجرمانِ اشتہاری اور 515 عدالتی مفروران کو بھی حراست میں لیا گیا۔

عوامی خدمات کے شعبے میں ریجن کے 16 خدمت مراکز اور 20 کاؤنٹرز کے ذریعے 3 لاکھ 19 ہزار سے زائد شہریوں کو سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ تحفظ و میثاق سنٹرز پر موصولہ 32,946 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ آر پی او انعام الرحمن ملک نے پولیس افسران کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین و بچوں پر تشدد ان کی "ریڈ لائن" ہے اور فیصل آباد ریجن کو منشیات و جرائم سے پاک بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

Post Bottom Ad Panel