تھانہ مامونکانجن پولیس کی کارروائی، شہری پر فائرنگ کر کے شدید زخمی کرنے والے چاروں ملزمان گرفتار
فیصل آباد: 28 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد پولیس نے پرتشدد جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے شہری پر قاتلانہ حملہ کرنے والے چاروں خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ مامونکانجن کے علاقے میں ملزمان نے معمولی تلخ کلامی کی رنجش پر محمد نذیر نامی شہری کو سڑک پر اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ مامونکانجن وسیم طارق نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے متحرک ملزمان ممتاز، اعجاز، ریاض اور دلاور کو حراست میں لے کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی اور تفتیشی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان کو عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں قانون شکنی، غنڈہ گردی اور شہریوں پر تشدد کرنے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے تمام افراد کے خلاف سخت ترین قانونی ایکشن جاری رہے گا۔