برطانیہ میں ملازمت کے نام پر 3 کروڑ 87 لاکھ روپے کے فراڈ کا مقدمہ: ضمانتیں خارج ہونے پر ملزمان ریحان بابر اور سلمان بابر گرفتار
فیصل آباد: 19 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ایف آئی اے فیصل آباد سرکل نے برطانیہ میں ملازمت کے نام پر کروڑوں روپے کی مالی دھوکہ دہی کے مقدمے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسپیشل جج (سنٹرل) فیصل آباد کی جانب سے قبل از گرفتاری ضمانتیں خارج ہونے پر دونوں مرکزی ملزمان ریحان بابر اور سلمان بابر کو گرفتار کر لیا ہے۔
مقدمہ نمبر 370/2026 (زیرِ دفعات 17، 18 اور 22، ایمیگریشن آرڈیننس 1979) کے مطابق ملزمان پر مدعی اکمل حسین اور اس کے دو کزنز سے برطانیہ میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 3 کروڑ 87 لاکھ روپے وصول کرنے اور انہیں جعلی سرٹیفکیٹس آف اسپانسرشپ فراہم کرنے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے انکوائری کے دوران بینک ٹرانزیکشنز، کال ریکارڈنگز، گواہان کے بیانات اور دیگر دستاویزی شواہد حاصل کیے، جس پر عدالت میں مؤثر قانونی دلائل پیش کیے گئے۔ اسپیشل جج (سنٹرل) نے جرم کی سنگینی اور شواہد کی روشنی میں ملزمان کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں، جس کے فوراً بعد ایف آئی اے نے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت اور ویزوں کے نام پر سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرونی ممالک کے ویزوں یا ملازمت کے لیے رقوم کی ادائیگی سے قبل متعلقہ ادارے اور ویزا دستاویزات کی قانونی تصدیق لازمی بنائیں۔
