فیصل آباد: 19 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے چار غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچے مسمار اور دفاتر کو سر بمہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ٹو اسماء محسن کی زیر نگرانی اسسٹنٹ انفورسمنٹ آفیسر اسلم گجر اور دیگر عملے پر مشتمل ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی۔ اس دوران چک نمبر 232 ر ب میں قائم اضافی آبادی، غوثیہ ٹاؤن، علی حسن ٹاؤن اور تلیاں والا روڈ پر واقع برہان سٹی کو بغیر منظوری اور قوانین کی خلاف ورزی پر قائم پایا گیا۔
ایف ڈی اے ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں موجود تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا اور تمام دفاتر کو سیل کر دیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ ڈویلپرز کو تنبیہ کی ہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں اور ہاؤسنگ سکیموں کے قیام اور تشہیر سے قبل ضابطوں کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی پر فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور ایف ڈی اے سے منظوری کی تصدیق لازمی کر لیں تاکہ کسی مالی نقصان سے بچا جا سکے۔