فیصل آباد: 21 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد کے احکامات پر پتنگ بازی اور پتنگ فروشی جیسے قاتلانہ و خونی کھیل میں ملوث عناصر کے خلاف ضلع بھر میں پولیس کا کریک ڈاؤن بلا تاخیر جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے پتنگ بازی اور پتنگ فروشی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نعمان، معیز اور رضوان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے کثیر تعداد میں پتنگیں اور جان لیوا کیمیکل ڈور برآمد کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے اس موقع پر اپنے واضح پیغام میں کہا کہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سخت نگرانی کریں اور انہیں پتنگ بازی جیسے خونی اور خطرناک کھیل سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی المناک حادثے سے بچا جا سکے۔