Post Main Ad Panel
Read in English فیصل آباد پولیس کی موثر تفتیش: منشیات کے 3 مقدمات میں مجرمان کو کل 31 سال سے زائد قید اور سنگین جرمانوں کی سزائیں

فیصل آباد پولیس کی موثر تفتیش: منشیات کے 3 مقدمات میں مجرمان کو کل 31 سال سے زائد قید اور سنگین جرمانوں کی سزائیں

22 ویوز

فیصل آباد: 27 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد پولیس نے بہترین تفتیش، ٹھوس شواہد اور پراسیکیوشن کی موثر پیروی کے باعث منشیات فروشی کے مقدمات میں ملوث مجرمان کو عدالت سے سخت قید اور بھاری جرمانوں کی سزائیں کروانے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ایڈیشنل سیشن جج فیصل آباد نوید الرحمن اور محمد عظیم شیخ نے تھانہ رضا آباد، تھانہ بٹالہ کالونی اور تھانہ روشن والا میں درج منشیات کے مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم جمعہ خان کو جرم ثابت ہونے پر 20 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ جبکہ دیگر مقدمات میں مجرم افتخار کو 10 سال قید و 1 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ اور مجرم طیب کو 19 ماہ قید و 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔

یاد رہے کہ پولیس نے کارروائیوں کے دوران مجرمان کے قبضہ سے 10 کلو گرام سے زائد چرس اور 2 کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کی تھی۔ فیصل آباد پولیس کی جانب سے چالان مضبوط تفتیشی شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیے گئے، جس کی بدولت منشیات فروشوں کو قرار واقعی سزا ممکن ہوئی۔

اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین نے کہا کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں اور سزائیں قانون کی بالادستی اور انصاف کی واضح فتح ہیں۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے فیصل آباد پولیس کا کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا۔

Post Bottom Ad Panel