فیصل آباد: 17 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): چناب چوک مسجد والی گلی میں ٹریفک وارڈنز کی جانب سے مبینہ طور پر چھپ کر موٹر سائیکل سواروں کو پکڑنے اور چالان کرنے کی مہم کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں وارڈن کے اچانک روکنے پر موٹر سائیکل سوار سڑک پر گر کر آگے موجود گاڑی سے جا ٹکرا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، چناب چوک کے قریب مسجد والی گلی میں ٹریفک وارڈنز کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کی اچانک اور سخت چیکنگ کی جا رہی تھی۔ اس دوران ایک وارڈن نے موٹر سائیکل سوار کو اچانک روکنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گر کر سامنے سے گزرنے والی گاڑی سے جا ٹکرایا۔
حادثے میں موٹر سائیکل کا آئل پوری طرح لیک ہو گیا اور شہری کی موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد متاثرہ شہری نے احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ وارڈن کو پکڑ لیا اور موقع پر شہریوں کا ہجوم بھی جمع ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری کے شدید احتجاج پر موقع پر موجود ایک ساتھی ٹریفک وارڈن منت سماجت کرتے ہوئے یہ کہتا سنائی دے رہا ہے کہ "میں آپ کے ہونے والے نقصان کو پورا کر دیتا ہوں"۔
عوامی و سماجی حلقوں نے گلی محلوں اور تنگ راستوں میں چھپ کر چالان کرنے کے اس خطرناک اور غیر پیشہ ورانہ طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے وارڈنز کے خلاف سخت رویے اور بدسلوکی کا نوٹس لیا جائے۔