Post Main Ad Panel
Read in English تھانہ چک جھمرہ پولیس کی کامیاب کارروائی: موبائل شاپ میں نقب زنی کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

تھانہ چک جھمرہ پولیس کی کامیاب کارروائی: موبائل شاپ میں نقب زنی کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

21 ویوز

فیصل آباد: 1 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد کی ہدایات پر ڈی ایس پی سرکل نشاط آباد ندیم اقبال کی سربراہی میں ایس ایچ او چک جھمرہ رضوان شوکت نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نقب زنی کے مقدمے میں مطلوب 2 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مدعی مقدمہ صابر حسین نے 103 ج ب اڈا برنالہ میں "الجنید موبائل اینڈ ریپئرنگ لیب" کے نام سے دوکان بنا رکھی ہے، جہاں ملزمان نے دوکان کے تالے توڑ کر نقب زنی کی اور وہاں سے قیمتی موبائل فونز اور دیگر اسیسریز چوری کر کے فرار ہو گئے تھے۔ تھانہ چک جھمرہ پولیس نے واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر کے جدید ٹیکنیکل وسائل اور سائنسی تفتیشی طریقہ کار بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان علی ارباز اور علی حسن کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضے سے چوری شدہ 23 عددموبائل فونز برآمد کر کے اپنے تحویل میں لے لیے ہیں، جبکہ ملزمان سے مزید مالِ مسروقہ اور دیگر وارداتوں کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔ مالِ مسروقہ کی فوری اور اصل حالت میں بازیابی پر مدعیِ مقدمہ نے فیصل آباد پولیس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ کارروائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سی پی او فیصل آباد نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال اور کاروبار کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور تاجر برادری کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel