سی ای او ہیلتھ کا رات گئے مریم نواز ہیلتھ کلینک 468 گ ب کا اچانک دورہ: طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ
فیصل آباد: 18 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر محمد شہزاد محمود نے ضلعی ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر رضوان رمضان چشتی کے ہمراہ رات گئے مریم نواز ہیلتھ کلینک 468 گ ب کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس اچانک دورے کا بنیادی مقصد نائٹ شفٹ کے دوران مریضوں کو میسر طبی سہولیات، ہسپتال کے انتظامی امور اور ڈیوٹی پر مامور عملے کی حاضری کو چیک کرنا تھا۔
سی ای او ہیلتھ نے کلینک کے مختلف شعبہ جات بشمول لیبر روم اور فارمیسی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طبی آلات کی فعالیت اور ادویات کی دستیابی کے اسٹاک کا خاص طور پر جائزہ لیا۔
ڈاکٹر محمد شہزاد محمود نے حاضری رجسٹر اور ڈیوٹی روسٹرز کی پڑتال کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ رات کے اوقات میں بھی طبی عملے کی سو فیصد موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مریضوں کو بلا تاخیر فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔