احاطہ عدالت میں پولیس اہلکار پر مبینہ تشدد اور وردی پھاڑنے کے الزام میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج
فیصل آباد: 29 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد میں احاطہ عدالت کے اندر آن ڈیوٹی پولیس اہلکار پر تشدد کرنے اور ان کی وردی پھاڑنے کے معامے پر تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ترکھانی میں تعینات محرر ہیڈ کانسٹیبل محمد وحید اقبال احاطہ عدالت میں موجود تھے کہ ملزمان نے ان کے ساتھ مبینہ طور پر گالی گلوچ، بدسلوکی اور تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے دوران پولیس اہلکار کی سرکاری وردی بھی پھٹ گئی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق واقعے میں اسامہ اعجاز، قاسم چیمہ اور فارانی بیگ سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے سرکاری ملازم کی ڈیوٹی میں مداخلت اور تشدد کیا۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ سول لائن پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل کی مدعیت میں باقاعدہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔