فیصل آباد: 7 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد ڈویژن میں طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لیے شروع کیے گئے روایتی و منفرد پروگرام "کون بنے گا ایک دن کا کمشنر فیصل آباد ڈویژن" کے تحریری ٹیسٹ کے بعد شارٹ لسٹ ہونے والے ٹاپ 20 امیدواروں کا انٹرویو کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند نے کمشنر آفس فیصل آباد میں امیدواروں کے تفصیلی انٹرویوز لیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن علی احمد سیان اور ڈائریکٹر کالجز بھی موجود تھیں۔ انٹرویو کے دوران ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن نے طالب علموں کے نصابی و ہم نصابی (Curricular & Co-curricular) ریکارڈ، قابلیت اور انتظامی صلاحیتوں کے حوالے سے سوالات کیے۔
ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند نے بتایا کہ کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ جلد ہی ٹاپ 20 میں سے کامیا ب ہونے والے حتمی "ایک دن کے کمشنر" (Winner) کے نام کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ اس موقع پر انٹرویو دینے والے امیدوار انتہائی پرجوش نظر آئے اور انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے طالب علموں کو فیلڈ و ایڈمنسٹریشن کا تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع مل رہا ہے۔