تجاوزات اور پارکنگ مسائل کا مستقل حل— آٹھوں بازاروں اور تمام تحصلیوں میں گرینڈ آپریشن کی ہدایت
فیصل آباد: 21 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) ضلع بھر میں تجاوزات کے مکمل خاتمے، بازاروں کی بحالی اور پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) مراد حسین نیکوکارہ، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) فیصل شہزاد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے فیصل آباد شہر کے تاریخی آٹھوں بازاروں سمیت ماموں کانجن، سمندری، جڑانوالہ، چک جھمرہ، کھرڑیانوالہ، تاندلیانوالہ اور ڈجکوٹ میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک کر کے شہریوں کی پیدل و سواری کی آمدورفت میں آسانی پیدا کی جائے، جبکہ ریڑھی بانوں کے لیے متبادل اور مناسب مقامات پر منظم ریڑھی بازار قائم کیے جائیں تاکہ تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئے بغیر شہریوں کو سہولت مل سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو مربوط حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں تیز کرنے اور شہر کے تجارتی مراکز کو صاف ستھرا، منظم اور آسانی سے قابلِ رسائی بنانے کی ہدایت جاری کی۔