فیصل آباد: 28 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد کے نواحی علاقے گاؤں محمد نگر کے قریب گوگیرہ برانچ نہر میں اچانک 30 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس کے نتیجے میں نہری پانی تیزی سے آس پاس کے کھیتوں اور آبادی کی جانب پھیلنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق شگاف کے باعث پانی کے تیز بہاؤ نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع رقبے پر پھیلی زرعی زمینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ کسانوں کی تیار فصلیں مکمل طور پر زیرِ آب آ گئیں جس سے مقامی زمینداروں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق نہر میں شگاف پڑنے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دے دی گئی تھی، تاہم انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے ابھی تک شگاف کو بند کرنے کے لیے کوئی عملی اقدامات شروع نہیں کیے جا سکے، جس سے کٹاؤ میں مزید اضافے اور علاقے میں مزید نقصان کا خدشہ ہے۔