گرین ٹاؤن میں خاتون کو سڑک پر گھسیٹنے کا افسوسناک واقعہ، تھانوں کے درمیان حدود کی الجھن برقرار
فیصل آباد: 6 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد کے علاقے گرین ٹاؤن میں اسماعیل ہوم کے سامنے ایک خاتون کو سڑک پر سرِعام گھسیٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جبکہ پولیس روایتی تاخیر کا مظاہرہ کرتے ہوئے حدود کے تعین میں الجھی ہوئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 10 بجے مبینہ گھریلو تنازع اور لڑائی جھگڑے کے باعث پیش آیا۔ واقعہ کے بعد کارروائی کرنے کے بجائے تھانہ ملت ٹاؤن اور تھانہ سرگودھا روڈ کی پولیس مبینہ طور پر جائے وقوعہ کی حدود کا تعین کرنے میں مصروف رہی، جس سے قانونی کارروائی میں تاخیر ہوئی۔
شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خواتین کے تحفظ سے متعلق دعوؤں کے تناظر میں فیصل آباد پولیس کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے محمود آباد میں برقعہ پوش خاتون سے مبینہ چھیڑ چھاڑ کرنے والے سائیکل سوار کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، تاہم متعلقہ پولیس تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔