وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت: فیصل آباد ڈویژن میں 18 لاکھ 60 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر
فیصل آباد: 31 اکتوبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصیات و ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد ڈویژن میں 18 لاکھ 60 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ "اپنا کھیت اپنا روزگار" اسکیم کے تحت الاٹ کردہ مزید 7,206 ایکڑ رقبے پر بھی گندم کی کاشت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس سلسلے میں گندم کی بروقت اور ہدف سے زیادہ کاشت کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر آفس فیصل آباد میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ لغاری نے سیکرٹری زراعت پنجاب میاں شکیل احمد اور کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے ہمراہ کی۔ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود نے اجلاس کو گندم کی کاشت کے اہداف، اب تک کی پیشرفت، کسان آگاہی مہم، معیاری بیج و کھاد کی مقررہ نرخوں پر دستیابی اور نہری پانی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد، محکمہ زراعت و انہار کے افسران اور کسان تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اسامہ لغاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈویژنل سطح پر دورے کر کے گندم کی کاشت کے اہداف کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں کے مسائل حل کرنے میں کمشنر فیصل آباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو سپر سیڈر کے استعمال کی ترغیب دی جائے اور سموگ کے سدباب کے لیے فصل کی باقیات کو آگ لگانے کی سخت حوصلہ شکنی کی جائے۔ سیکرٹری زراعت میاں شکیل احمد نے تاکید کی کہ گندم کی کاشت مکمل ہونے کے بعد بھی فیلڈ ٹیمیں فصل کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیں اور کسانوں کی رہنمائی جاری رکھیں۔
کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کاشت کا ہدف 100 فیصد سے زائد حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہری پانی چوری کی روک تھام اور ٹیل (Tail) تک پانی کی فراہمی کے لیے تحصیل سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں اور ایک ایک موہگے کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے انتباہ جاری کیا کہ اگر کسی بھی علاقے میں نہری پانی میں ٹیمپرنگ یا چوری سامنے آئی تو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر براہِ راست جوابدہ ہوں گے۔ کسان تنظیموں کے نمائندوں نے پنجاب حکومت کے کسان دوست اقدامات اور ڈویژنل انتظامیہ کے تعاون پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔