سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے موٹر سائیکل چور گرفتار، محکمہ صحت کی سرکاری موٹر سائیکل برآمد
فیصل آباد: 21 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے چوری شدہ سرکاری موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے محکمہ صحت کے ایک ملازم کی سرکاری موٹر سائیکل چوری کی تھی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ ٹھیکریوالہ غازی افضال احمد نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا اور ملزم ارشد کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
پولیس ٹیم نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ سرکاری موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزم سے دیگر وارداتوں کی کھوج اور مزید برآمدگیوں کے لیے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔