فیصل آباد پولیس کی بڑی کامیابی: سی پی او تنویر حسین کی قیادت میں ایک کروڑ روپے سے زائد کا مالِ مسروقہ برآمد
ایس ایچ او ساجد محمود نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے محمد حسن کے گھر چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا
پولیس لائنز کمیونٹی انگیجمنٹ سینٹر میں سی پی او تنویر حسین نے برآمد شدہ سامان اصلی مالکان کو لوٹا دیا
شہریوں کی محنت کی کمائی اور قیمتی اثاثوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، سی پی او تنویر حسین
فیصل آباد: 27 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین کی قیادت میں فیصل آباد پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا چوری شدہ مالِ مسروقہ برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان نے شہری محمد حسن کے گھر سے نقد رقم، سونا، قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان چوری کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد ساجد محمود نے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقہ کار کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 1 کروڑ روپے سے زائد کا تمام چوری شدہ سامان بحفاظت برآمد کیا۔
سی پی او تنویر حسین نے پولیس لائنز کمیونٹی انگیجمنٹ سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران برآمد شدہ مالِ مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیا۔ مال مسروقہ واپس ملنے پر متاثرہ شہریوں نے شدید خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فیصل آباد پولیس اور سی پی او کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سی پی او تنویر حسین نے شاندار اور نمایاں کارکردگی پر ایس ایچ او نشاط آباد ساجد محمود اور محرر محمد نوید کو شاباش اور پریسیشن ایوارڈ سے نوازا۔
سی پی او تنویر حسین کا کہنا تھا کہ شہریوں کی محنت کی کمائی اور قیمتی اثاثوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں یوں ہی جاری رہیں گی۔