تھانہ روشن والا پولیس سے مقابلہ: 39 سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈکیت رمضان لوہار ہلاک، 2 ساتھی فرار
فیصل آباد: 22 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) تھانہ روشن والا پولیس کے ساتھ مسلح مقابلے کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا اہم رکن اور نامی گرامی ڈکیت عرفان عرف فانی لوہار کا ریکارڈ یافتہ بھائی رمضان لوہار اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ 2 مسلح ملزمان اندھارے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈکیت رمضان لوہار ڈکیتی، راہزنی اور پولیس مقابلے سمیت سنگین نوعیت کے 39 مقدمات میں مطلوب اور سوابق یافتہ تھا۔ ہلاک ملزم 3 رکنی خطرناک ڈکیت گینگ بنا کر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا اور سال 2023 میں تھانہ ٹھیکری والا کی پولیس ٹیم سے سرکاری گن چھیننے کی سنگین واردات میں بھی مطلوب تھا۔
پولیس نے ہلاک ڈاکو کے قبضہ سے 9 روز قبل ٹھیکری والا کے علاقے سے شہری سے دورانِ ڈکیتی چھینی گئی موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے خطرناک اور اشتہاری ڈکیت کو مقابلے کے دوران نکیل ڈالنے پر ایس ایچ او تھانہ روشن والا انسپکٹر رائے شاہد اور ان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔