فیصل آباد: 17 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): تھانہ کھرڑیانوالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باراتیوں پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے خطرناک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم شکیل نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شادی کی تقریب کے دوران باراتیوں کے پیسے لٹانے کے معاملے پر ہونے والی تلخ کلامی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔ فائرنگ کے اس واقعے میں منیر نامی شہری موقع پر جاں بحق جبکہ نادر نامی شخص شدید زخمی ہو گیا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد نے خفیہ اطلاع پر ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر اشتہاری ملزم شکیل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی و تفتیشی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم، قتل اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق اور سخت ترین قانون کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔