پنجاب پبلک سروس کمیشن کے دو روزہ تحریری امتحانات اختتام پذیر: سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد کا فیصل آباد کے امتحانی مراکز کا دورہ
فیصل آباد: 18 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): پنجاب پبلک سروس کمیشن کے زیرِ انتظام محکمہ داخلہ میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر اور دیگر محکموں کی آسامیوں کے لیے دو روزہ تحریری امتحانات فیصل آباد سمیت پنجاب کے 7 ڈویژنز میں شفاف اور پرامن انداز میں مکمل ہو گئے ہیں۔
ان امتحانات میں پنجاب بھر سے 25 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔ چیئرمین پی پی ایس سی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالعزیز کی خصوصی ہدایات پر تمام امتحانی مراکز میں مانیٹرنگ کا سخت نظام نافذ کیا گیا۔
سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد اور ممبر کمیشن خالد سلیم نے فیصل آباد کے مختلف امتحانی مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریجنل انچارج ڈائریکٹر فاروق حیدر اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عاصم شیخ نے ممبر کمیشن خالد سلیم کو انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
معائنے کے دوران موبائل فون سگنل جیمرز کی فعال صورتحال اور امتحانی ضوابط کو چیک کیا گیا۔ وقت کی پابندی پر سخت عمل درآمد کراتے ہوئے تاخیر سے پہنچنے والے امیدواروں کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ سینٹرز پر پینے کے ٹھنڈے پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔