پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب: الائیڈ ونگز کی تنظیمِ نو کا آغاز، پیپلز یوتھ اور پی ایس ایف کے لیے درخواستیں طلب
فیصل آباد: 22 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے اپنے الائیڈ ونگز کی تنظیمِ نو کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے پیپلز یوتھ اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) کے عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنرل سیکرٹری پی پی پی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے اعلان کیا ہے کہ خواہش مند اور اہل رہنما و کارکنان اپنی درخواستیں 15 نومبر 2026 تک پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمع کروا سکتے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں صوبائی صدر، جنرل سیکرٹری اور انفارمیشن سیکرٹری کی نشستوں کے لیے انٹرویوز کیے جائیں گے۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایف کے لیے عمر کی حد 27 سال جبکہ امیدوار کا ریگولر سٹوڈنٹ ہونا لازمی ہے، جبکہ پیپلز یوتھ وسطی پنجاب کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 35 سال مقرر کی گئی ہے۔ تمام امیدواروں کو اپنے بنیادی کوائف کے ساتھ تعلیمی قابلیت، سیاسی و تنظیمی کارکردگی کی تفصیلات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنکس جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ پر منتخب ہونے والے امیدواروں کی حتمی فہرست پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائے گی۔