فیصل آباد: 16 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع)فیصل آباد: پولیس تھانہ سول لائن نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمے کی پیروی سے باز رکھنے کے لیے تین بھائیوں پر تشدد کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم عامر اور اس کے دیگر ساتھیوں نے سابقہ مقدمے کی پیروی کرنے کی رنجش پر ثقلین، حسنین اور ذوالقرنین نامی تین بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ واقعے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سول لائن سید عتیق الرحمن نے فوری پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عامر سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے واضح کیا کہ شہر میں غنڈہ گردی، دھونس دھمکی اور قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔